نظرانداز کرکے مرکزی مواد پر جائیں

ایسا کیوں ہوا؟

چھٹی والے دن شام کو دوستوں کے ساتھ کوئٹہ کاکڑ ہوٹل میں بیٹھ کر بات چیت اور جب ساتھ میں گرما گرم، لب ریز، لب سوز اور لب دوز چائے بھی ہو تو مجلس کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔
ایسے میں اگر کوئی غیر معمولی افسوسناک واقعہ پیش آجائے تو اس مزے کے کرکرے ہونے میں دیر نہیں لگتی، کچھ ایسا ہی ہمارے ساتھ بھی ہوا۔


ابھی چائے کا آرڈر دے کر موضوعِ سخن سوچا ہی جارہا تھا کہ دفعۃً بریک لگنے کی آواز آئی، نظروں نے جو دیکھا ناقابلِ بیان ہے اور دل سوز بھی۔

بریک لگنے کی آواز ایک شہزور چکن سپلائر گاڑی کی تھی، خالی ڈربے آج کا کام پورا ہونے کی گواہی دے رہے تھے، عشاء کے بعد کا وقت تھا اور لانڈھی انڈسٹرئیل ایریا کی مصروف ترین شاہراہ، ایسے میں ایک شہزور کا بیچ روڈ میں روکنا کسی چیز پر دلالت کررہا تھا، غور سے دیکھا تو گاڑی کے آگے ایک موٹر سائیکل کھڑی نظر آئی، اس پر تین افراد سوار تھے، تینوں کی عمریں 20-25 کے درمیان تھیں، ان میں ایک نیچے اترا، اس کا ہاتھ کمر کی طرف سرکا، اگلا لمحہ دل ہلا دینے والا تھا، ہاتھ باہر آیا تو اس میں ایک گن تھی، اس نے آناً فاناً گن ڈرائیور پر تان دی، اور رقم کا تقاضا کیا، ڈرائیور بیچارا کیا کرتا، رقم حوالے کردی۔

نہ جانے گن والے لڑکے کو کیا سوجھی، اچانک جو لوگ بیٹھے ہوئے تھے ان پر ایک فائر داغ دیا، شاید اس وجہ سے کہ کوئی پیچھا نہ کرسکے، لیکن شاید اسے معلوم نہیں تھا کہ قوم حسی طور پر مر چکی ہے۔

اس ڈرائیور نے پورے راستے میں اپنے مالک کو قائل کرنے کے لیے کیا کیا سوچا ہوگا، نہ ماننے کی صورت میں خود کو اس کی ڈانٹ سننے کے لیے تیار کیا ہوگا، ظاہر ہے اس کی بیوی بھی ہوگی، اس نے یہ بھی سوچا ہوگا کہ آج بیگم کے لیے کیا لے کر جانا ہے، اس لاچار انسان نے اپنے بچوں کی فرمائشوں کو پورا کرنے کو بھی سوچا ہوگا۔

کاش! موٹر سائیکل سوار اتنے سارے ارمانوں کا خون کرنے سے پہلے چند لمحے سوچ لیتے۔۔۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

مکتبۂ شاملہ نیا ورژن 100 جی بی (76 جی بی ڈاؤنلوڈ)

مکتبۂ شاملہ کے تعارف بارے میں لکھ چکا ہوں کہ مکتبۂ شاملہ کیا ہے۔ اس کے نسخۂ مفرغہ (App-only) کے بارے میں بھی بات ہوچکی ہے، اور نسخۂ وقفیہ پر بھی پوسٹ آچکی ہے۔ عموماً سادہ شاملہ 15 جی بی کا ہوتا ہے جس میں 6000 کے لگ بھگ کتابیں ہوتی ہیں جو ٹیکسٹ شکل میں ہوتی ہیں۔ مدینہ منوّرہ کے کچھ ساتھیوں نے اس کا نسخۂ وقفیہ ترتیب دیا، جس کا سائز تقریباً 72 جی بی تھا۔ ابھی تحقیق سے معلوم ہوا کہ نسخۂ وقفیہ کا 100 جی بی والا ورژن بھی آچکا ہے۔ جس میں نئی کتابیں شامل کی گئی ہیں، اور کئی بگز کو بھی دور کیا گیا ہے۔ ڈاؤنلوڈ سائز 76 جی بی ہے، اور جب آپ ایکسٹریکٹ کرلیں گے تو تقریباً 100 جی بی کا ڈیٹا نکلے گا۔ رمضان المبارک کی مبارک ساعات میں کی گئی دعاؤں میں یاد رکھیے۔

مکمل درسِ نظامی کتب مع شروحات وکتبِ لغۃ اور بہت کچھ۔ صرف 12 جی بی میں

تعارف ”درسِ نظامی“ہند وپاک کے مدارس میں پڑھایا جانے والا نصاب ہے۔کتابوں کے اس مجموعے کے اندر درسِ نظامی کے مکمل 8 درجات کی کتابیں اور ان کی شروح کو جمع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ مجموعہ کس نے ترتیب دیا ہے، معلوم نہیں اور اندازے سے معلوم یہ ہوتا ہے یہ ابھی تک انٹرنیٹ پر دستیاب نہیں۔ اور پاکستان (یا شاید کراچی)میں ”ہارڈ ڈسک بہ ہارڈ ڈسک“ منتقل ہوتا رہا ہے۔بندہ کو یہ مجموعہ ملا تو اس کا سائز قریباً 22 جی بی تھا۔ تو اسے چھوٹا کرنا اور پھر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کرنا مناسب معلوم ہوا کہ دیگر احباب کو بھی استفادہ میں سہولت ہو، مستقبل کے لیے بھی ایک طرح سے محفوظ ہوجائے۔یہ سوچ کر کام شروع کردیا۔ اسے چھوٹا کرنے، زپ کرنے اور پھر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کرنے میں قریباً ایک مہینہ کا عرصہ لگا ہے۔ اور کام سے فارغ ہونے کے بعد اس کا سائز 11.8 جی بی یعنی پہلے سے تقریباً نصف ہے۔ اس سے مزید چھوٹا کرنے پر صفحات کا معیار خراب ہونے کا خدشہ تھا، تو نہ کیا۔ جن احباب نے یہ مجموعہ ترتیب دیا ہے ان کے لیے جزائے خیر کی دعا کرتے ہوئے، اور اللہ تعالیٰ سے خود اپنے اور سب کے لیے توفیقِ عمل کی دعا کرتے ہوئے آپ کے سامنے پیش کرنے کی ...

ویڈیوز کی مدد سے مائکروسافٹ ورڈ میں اردو کا کام کرنا سیکھیں

کچھ عرصہ ہوا ہے کہ اردو پر کام کرنے والے حضرات ان پیج سے ورڈ کی طرف منتقل ہورہے ہیں، یہ بہت خوش آئند بات ہے۔ لیکن یہ شرح بہت کم ہے اور اس میں اضافہ ہونا چاہیے۔ یہ سوچ کر کچھ ویڈیوز ریکارڈ کی تھیں جس میں مائکروسافٹ ورڈ میں اردو پر کام کرنے کے لیے بنیادی ہدایات تھیں۔ یہ ویڈیوز بلاگ میں موجود تھیں اور بلاگ ریڈرز نے انہیں دیکھا اور پسند کیا۔ آسانی کے لیے یہ ساری ویڈیوز ایک جگہ رکھ رہا ہوں۔ ان ویڈیو کو دیکھیں اور مائکروسافٹ ورڈ میں لاگو کریں۔ ان ویڈیوز کی مدد سے مائکروسافٹ ورڈ کے کسی بھی ورژن پر کام کیا جاسکتا ہے۔ میں ورڈ 2010 ورژن استعمال کرتا ہوں، کیونکہ یہ ایک اسٹیبل ورژن ہے اور اس میں عام طور پر کوئی بگ/خرابی نہیں پیش آتی۔ ورڈ 2013 اور ورڈ 2017 میں کچھ مسائل پیش آتے ہیں، اس لیے میں اس کو اردو کتابوں کی تیاری کے لیے استعمال نہیں کرتا۔ ورڈ 2007 میں بلٹن پی ڈی ایف سپورٹ شامل نہیں اس لیے اسے بھی نہیں استعمال کرتا، اس لیے آپ بھی اگر مناسب ہو تو ورڈ 2010 یا اس سے اوپر کا کوئی ورژن استعمال کریں۔