نظرانداز کرکے مرکزی مواد پر جائیں

یاد داشت لکھنا / نوٹ ٹیکنگ - کیوں اور کیسے؟

یاد داشت لکھنا آج کی زندگی میں بہت ضروری ہوگیا ہے۔ ایک شخص چاہے وہ طالب علم ہو یا استاذ، یا تاجر یا کوئی اور، سب کو ایک دن میں متعدد کام کرنے پڑتے ہیں۔ یہ سارے کام ضروری ہوتے ہیں۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ کوئی کام کرنے کا وقت آیا اور یاد نہیں رہا کہ وہ کام کرنا تھا، اور وقت نکل گیا۔ اس لیے یاد داشت لکھنا ضروری ہے، اور وقتاً فوقتاً اس کو دیکھتے رہنا بھی۔
یاد داشت کوئی آرٹیکل لکھنے کے بارے میں ہوسکتی ہے، یا امی کی دوائیں خریدنا، یا پھر دوست سے نوٹس سے اٹھانا، یا کسی کتاب سے کوئی باب مطالعہ کرنا بھی۔
بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی پروجیکٹ کے بارے میں آپ کے ذہن میں کوئی اچھوتا خیال آتا ہے، آپ سوچتے ہیں کہ اس کام کو یوں کیا جائے تو بہت اچھا رہے گا۔ یہ خیال بہت قیمتی ہے، اس کو فوراً نوٹ کرنا چاہیے تاکہ بعد میں اس پر تجزیہ کیا جاسکے اور مزید سوچا جاسکے۔
آپ سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو اس میں آپ کے پاس نوٹ کرنے کے لیے کوئی آسان ایپ ہونی چاہیے۔ اگر کمپیوٹر استعمال کرتے ہیں، تو کمپیوٹر میں کوئی سوفٹویئر ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ ایک دستی نوٹ بک بھی ہونی چاہیے، جو آپ کے پاس رہے۔
یا یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اگر آپ کے پاس نوٹ کرنے کے لیے کچھ نہ ہو تو ایک ایس ایم ایس لکھ کر خود کو بھیج دیں۔
یا کسی دوست کو (جو آئیڈیا نہ چرالے :) ) کو وٹس ایپ وائس میسج کردیں۔
یا یہ ہوسکتا ہے کہ کاغذ کے ٹکڑے پر نوٹ کرکے جیب میں رکھیں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جب بھی آپ جیب میں ہاتھ ڈالیں گے یہ کاغذ اپنی موجودگی کا احساس دلاتا رہے گا۔ اس کاغذ کو پرس کے اس حصے میں بھی رکھا جاسکتا ہے جو ٹرانسپیرنٹ (شفاف) ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ آپ اگر کسی عارضی چیز پر نوٹ لے رہے ہیں تو اس کا اہتمام کریں کہ اس نوٹ کو فوراً کسی ایسی جگہ پر اتار لیں جو محفوظ ہو، جیسے آپ کی نوٹ بک۔

یاد داشت کون سے سوفٹویئر میں لکھیں؟

کمپیوٹر کی اور موبائل کی دنیا میں اس کام کو انجام دینے کے لیے بہت سے ایپس دستیاب ہیں۔ جن کو استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے نوٹس ترتیب دے سکتے ہیں۔ لیکن نوٹ لکھنے کے لیے سوفٹویئر ایسا ہونا چاہیے جو پیچیدہ نہ ہو، سادہ ہو اور استعمال میں آسان ہو۔ نیچے کمپیوٹر اور موبائل کے لیے موزوں ایپس کے بارے میں لکھا گیا ہے۔

گوگل کیپ (اینڈرائڈ ایپ)

گوکہ اینڈرائڈ فونز میں عموماً Notes کے لیے ایپ موجود ہوتا ہے، لیکن زیادہ مؤثر نہ ہونے کی وجہ سے اس کو عموماً استعمال نہیں کیا جاتا، اس کی جگہ گوگل کا Keepایپ بہت پسند کیا جاتا ہے، اس کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔ سارے نوٹس آپ کے سامنے رہتے ہیں، یعنی جب آپ ایپ کھولتے ہیں تو تقریباً سب نوٹس پر نظر پڑجاتی ہے اور یاد دہانی ہوتی رہتی ہے۔ Keep اس لحاظ سے بھی سب سے اچھا ہے کہ یہ آپ کے گوگل اکاؤنٹ کے ساتھ ضم ہوجاتا ہے، اور پھر آپ کے سارے نوٹس گوگل سرور پر اپلوڈ ہوکر محفوظ ہوتے رہتے ہیں۔ جنہیں آپ کسی بھی کمپیوٹر یا موبائل ڈیوائس سے لاگ اِن ہوکر دیکھ سکتے ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ اپنے نوٹس کو کمپیوٹر اور موبائل سے بیک وقت دیکھ سکیں۔ کمپیوٹر پر نوٹس کو دیکھنے کے لیے https://keep.google.com پر لاگ اِن ہوجائیں۔

سٹکی نوٹس / Sticky Notes یعنی چسپاں یاد داشتیں

Sticky Notes ونڈوز 7 اور اوپر کی ونڈوز میں ایک چھوٹا سا ٹول ہے، جس میں آپ یاد داشت لکھ لیتے ہیں۔ اس کو سیو کرنے کی ضرورت نہیں رہتی، اور یہ آپ کی سکرین پر موجود رہتا ہے، بالکل ایسے ہی جیسے آپ نے اپنے فریچ پر کوئی نوٹ چسپاں کردیا ہو۔ یہ تب تک آپ کی اسکرین پر موجود رہے گا جب تک آپ اس کو ڈیلیٹ نہ کردیں یا سوفٹویئر بند نہ کردیں۔ فوری اور ضروری کاموں کی یاد داشت لکھنی ہو تو اس کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسٹکی نوٹس کو چلانے کے لیے اسٹارٹ مینو کی سرچ بار میں sticky لکھیں تو نتائج میں آپ کو یہ ٹول نظر آجائے گا، اسے کھولیں اور یاد داشت لکھنا شروع کردیں۔ اس کو ختم کرنا بھی آسان ہے، بس بائیں جانب اوپری کونے میں کراس کا بٹن دباکر تصدیقی اوکے بٹن دبائیں۔ اگر آپ سوفٹویئر کو بند کریں گے تو آپ کے نوٹس محفوظ رہیں گے، سوفٹویئر کو دوبارہ کھولنے پر نوٹس ظاہر ہوجائیں گے۔

مائکروسافٹ وَن نوٹ (کمپیوٹر سوفٹویئر)

کمپیوٹر کے لیے میری پسند مائکروسافٹ OneNote ہے، اس میں نوٹس لینا ایسا احساس دلاتا ہے جیسے آپ کسی فائل یا نوٹ بک میں یاد داشت لکھ رہے ہوں۔ آج کل تقریباً ہر کمپیوٹر میں مائکرو آفس سوٹ
انسٹال رہتا ہے، اس میں جہاں دیگر دفتری ضروریات کے سوفٹویئرز ہوتے ہیں وہاں اس میں OneNote بھی ہوتا ہے، اس کو آزما سکتے ہیں۔
OneNote اساتذہ کے لیے ایک اچھا لیسن پلانر بھی ثابت ہوسکتا ہے، آزمائش شرط ہے۔
دستی نوٹ بک کوئی بھی ہوسکتی ہے، پاکٹ سائز یا پھر بچوں کی لکھائی کی چھوٹی کاپی۔
آپ کس طرح یاد داشت لکھتے ہیں، ہمیں ضرور بتائیے۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

مکتبۂ شاملہ نیا ورژن 100 جی بی (76 جی بی ڈاؤنلوڈ)

مکتبۂ شاملہ کے تعارف بارے میں لکھ چکا ہوں کہ مکتبۂ شاملہ کیا ہے۔ اس کے نسخۂ مفرغہ (App-only) کے بارے میں بھی بات ہوچکی ہے، اور نسخۂ وقفیہ پر بھی پوسٹ آچکی ہے۔ عموماً سادہ شاملہ 15 جی بی کا ہوتا ہے جس میں 6000 کے لگ بھگ کتابیں ہوتی ہیں جو ٹیکسٹ شکل میں ہوتی ہیں۔ مدینہ منوّرہ کے کچھ ساتھیوں نے اس کا نسخۂ وقفیہ ترتیب دیا، جس کا سائز تقریباً 72 جی بی تھا۔ ابھی تحقیق سے معلوم ہوا کہ نسخۂ وقفیہ کا 100 جی بی والا ورژن بھی آچکا ہے۔ جس میں نئی کتابیں شامل کی گئی ہیں، اور کئی بگز کو بھی دور کیا گیا ہے۔ ڈاؤنلوڈ سائز 76 جی بی ہے، اور جب آپ ایکسٹریکٹ کرلیں گے تو تقریباً 100 جی بی کا ڈیٹا نکلے گا۔ رمضان المبارک کی مبارک ساعات میں کی گئی دعاؤں میں یاد رکھیے۔

مکمل درسِ نظامی کتب مع شروحات وکتبِ لغۃ اور بہت کچھ۔ صرف 12 جی بی میں

تعارف ”درسِ نظامی“ہند وپاک کے مدارس میں پڑھایا جانے والا نصاب ہے۔کتابوں کے اس مجموعے کے اندر درسِ نظامی کے مکمل 8 درجات کی کتابیں اور ان کی شروح کو جمع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ مجموعہ کس نے ترتیب دیا ہے، معلوم نہیں اور اندازے سے معلوم یہ ہوتا ہے یہ ابھی تک انٹرنیٹ پر دستیاب نہیں۔ اور پاکستان (یا شاید کراچی)میں ”ہارڈ ڈسک بہ ہارڈ ڈسک“ منتقل ہوتا رہا ہے۔بندہ کو یہ مجموعہ ملا تو اس کا سائز قریباً 22 جی بی تھا۔ تو اسے چھوٹا کرنا اور پھر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کرنا مناسب معلوم ہوا کہ دیگر احباب کو بھی استفادہ میں سہولت ہو، مستقبل کے لیے بھی ایک طرح سے محفوظ ہوجائے۔یہ سوچ کر کام شروع کردیا۔ اسے چھوٹا کرنے، زپ کرنے اور پھر انٹرنیٹ پر اپلوڈ کرنے میں قریباً ایک مہینہ کا عرصہ لگا ہے۔ اور کام سے فارغ ہونے کے بعد اس کا سائز 11.8 جی بی یعنی پہلے سے تقریباً نصف ہے۔ اس سے مزید چھوٹا کرنے پر صفحات کا معیار خراب ہونے کا خدشہ تھا، تو نہ کیا۔ جن احباب نے یہ مجموعہ ترتیب دیا ہے ان کے لیے جزائے خیر کی دعا کرتے ہوئے، اور اللہ تعالیٰ سے خود اپنے اور سب کے لیے توفیقِ عمل کی دعا کرتے ہوئے آپ کے سامنے پیش کرنے کی

مختلف سوفٹویئرز میں عربی کے مخصوص حروف کیسے لکھیں؟

کمپیوٹر میں یونیکوڈ اردو ٹائپ کرنے لیے مختلف کی بورڈز دستیاب ہیں۔ بندہ چونکہ پہلے انپیج میں ٹائپنگ سیکھ چکا تھا، لہٰذا یونیکوڈ کے آنے پر خواہش تھی کہ ایسا کی بورڈ مل جائے جو ان پیج کی بورڈ کے قریب قریب ہو۔ کچھ تلاش کے بعد ایک کی بورڈ ملا، میری رائے کے مطابق یہ ان پیج کے کی بورڈ سے قریب تر ہے۔ اب جو ساتھی نئے سیکھنے والے ہیں، ان کو کون سا کی بورڈ سیکھنا چاہیے، یہ ایک اہم سوال ہے۔ میری رائے طلبۂ مدارس کے لیے ہمیشہ یہ رہی ہے کہ وہ عربی کی بورڈ نہ سیکھیں، کیونکہ عربی کی بورڈ کو اردو اور انگریزی کی بورڈز کے ساتھ بالکل مناسبت نہیں ہے، کیونکہ احباب جانتے ہیں کہ ان پیج کا فونیٹک کی بورڈ ملتے جلتے انگریزی حروف پر ترتیب دیا گیا ہے۔ مثلاً ”p“ پر آپ کو ”‬پ“ ملے گا۔ اس طرح حروف کو یاد رکھنے میں سہولت ہوجاتی ہے۔ اس طرح جو آدمی اردو سیکھ لے وہ تھوڑی سی مشق سے انگریزی ٹائپنگ کرسکتا ہے، اور انگریزی ٹائپنگ سیکھا ہوا شخص کچھ توجہ سے اردو بھی ٹائپ کرلیتا ہے۔ اور عربی کے تقریباً سارے ہی حروف اردو میں موجود ہیں، تو الگ سے کیوں نیا کی بورڈ سیکھا جائے۔ کئی کی بورڈز پر توجہ دینے کے بجائے بہتر یہ ہے ایک ہی ک